پاک فوج کے زیر انتظام فلم فیسٹیول میں 26 فلموں کے لیے ایوارڈز

310

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے منعقد کیے جانے والے پہلے ’نیشنل امیچوئر شارٹ فلم فیسٹیول‘ (این اے ایس ایف ایف) (نساف) میں 26 فلموں کو ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نساف کی پہلی تقریب 26 جون کو ہونے والی تقریب میں 6 مختلف کیٹیگریز کی فلموں کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔

پہلے فلم فیسٹیول کی تقریب میں وزیر اعظم عمران خان، وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور ڈی جی آئی ایس پی آر سمیت متعدد وفاقی وزرا، سیاستدانوں اور شوبز شخصیات نے شرکت کی۔

ایوارڈ تقریب کی میزبانی کے فرائض ماہرہ خان اور احسن خان نے ادا کیے جب کہ تقریب میں ان تمام فلم سازوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا، جنہوں نے ایوارڈز کے لیے اپنی فلمیں بھجوائی تھیں۔

نساف کے مطابق پہلے ایوارڈ کے لیے پاکستان کی 72 یونیورسٹیز کے طلبہ نے اپنی مختصر فلمیں اور دستاویزی فلمیں جمع کروائی تھیں۔

نساف کے مطابق ایوارڈز کے لیے منتظمین کو مجموعی طور پر ایوارڈز کے لیے 300 فلمیں موصول ہوئی تھیں، جن میں سے 55 کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔

شارٹ لسٹ کی جانے والی تمام فلموں کی ٹیموں کو ایوارڈز تقریب میں مدعو کیا گیا تھا تاہم ان میں سے صرف 26 فلموں کو ایوارڈز دیے گئے۔