بھارتی سیکیورٹی ایجنسیوں کی طرف سے پاکستانی سفارتکاروں کو مسلسل ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری

217

بھارت نے سفارتی آداب کی دھجیاں اڑادیں، نئی دہلی میں بھارتی سیکیورٹی ایجنسیوں کی طرف سے  پاکستانی سفارت کاروں کو مسلسل ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

بھارتی سیکورٹی ایجنسیاں پاکستانی سفارتکاروں کو خوف و ہراس میں مبتلا کیے ہوئے ہیں اور نئی دہلی پولیس بھی انہیں دھمکا رہی ہے۔

نئی دہلی پولیس نے منگل کو پاکستانی ہائی کمیشن کا گھیراؤ کیا اور  پاکستانی سفارتی عملے کے ساتھ بدتمیز ی کی، گالیاں دیں اور دھکم پیل بھی کی گئی جب کہ  گھروں کو جانے والے پاکستانی سفارت کاروں کا پیچھا کیا گیا اور  انہیں دھمکایا بھی گیا۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا تھا بھارتی دارالحکومت میں پاکستانی سفارتکاروں کو ان کی سفارتی ذمہ داریوں سے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ  پاکستانی سفارتکاروں کے ساتھ بھارتی حکومت کا رویہ عالمی سفارتی آداب اور ویانا کنونشن کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں 2 بھارتی سفارتکاروں کی تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پیر کو ایک شہری شدید زخمی ہو گیا تھا جس کے بعد ان دونوں کو گرفتار کیا گیا۔

تاہم قانون شکنی کے باوجود سفارتی استثنیٰ کے باعث انہیں کچھ ہی دیر میں رہا بھی کر دیا گیا تھا، مگر بھارت اس کے بعد سے اوچھے ہتھکنڈوں پر اترا ہوا ہے۔