امریکی ریاست فلوریڈا میں 24 جنوری کو 12 منزلہ عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں 156 سے زائد افراد لاپتا ہوگئے تھے جن کی تلاش کا کام تیسرے روز بھی جاری ہے جبکہ واقعے میں 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق ساحلی علاقے میامی کے قریب واقع متاثرہ عمارت 40 سال پرانی تھی جہاں ہنگامی عملہ جدید آلات کے ساتھ وسیع ملبے سے لاپتا ہونے والے افراد کو تلاش کرنے میں مصروف ہے۔
دوسری جانب ٹاور کی تعمیرات سے متعلق سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔
میامی ڈیڈ کاؤنٹی کی میئر ڈینیلا لیون کاوا نے بتایا کہ ہماری اولین ترجیح تلاش اور بچاؤ ہے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ انہیں اُمید ہے کہ 156 لاپتا افراد میں بعض زندہ ہوں گے۔
عملہ تربیتی یافتہ کتوں انفراریڈ اسکیننگ اور بھاری سامان کی مدد سے ہنگامی کاموں میں مصروف ہے اور ان کی جانب سے اُمید ظاہر کی گئی کہ ملبے سے بننے والی گنجائش سے آکسیجن نیچے تک پہنچ رہی ہوگی۔