صنعا: یمن میں سعودی اتحادی افواج اور حوثی باغیوں کے درمیان گھمسان کی جنگ تیسرے روز بھی جاری ہے جس کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 111 ہوگئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے شہر مارب کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے حوثی باغیوں اور سعودی عرب کی سربراہی میں قائم عسکری اتحاد کی افواج کے درمیان گھمسان کی جنگ کو تین روز ہوگئے ہیں اور جھڑپیں تاحال جاری ہیں۔
جنگ میں جانی نقصان کے حوالے سے فریقین کے متضاد دعوے سامنے آئے ہیں تاہم آزاد ذرائع کے مطابق تین روز میں 29 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے جب کہ 82 حوثی باغی مارے گئے۔ درجنوں عمارتیں مٹی کا ڈھیر بن گئیں اور شہری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔
واضح رہے کہ یمن کی 6 سالہ جنگ میں ایک لاکھ 30 ہزار شہری ہلاک، 30 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوگئے جب کہ 20 لاکھ بچوں کو قحط سالی کا سامنا ہے اسی طرح یمن کی 24 ملین آبادی میں سے 80 فیصد کا گزر بسر انسانی ہمدردی کے طور پر ملنے والی امداد پر ہے۔