ابو ظہبی: ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 47 رنز سے شکست دے کر پی ایس ایل 6 کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔
ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے فائنل میں ملتان سلطانز نے صہیب مقصود اور ریلی روسوو کی جارحانہ اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 206 رنز بنائے جس کے جواب میں پشاور زلمی کی پوری ٹیم 9 وکٹ کے نقصان پر 159 رنز ہی بناسکی۔
صہیب مقصود کو شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ دیا گیا۔ شاہنواز دھانی کو ایمرجنگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔ پشاور زلمی کو اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ٹورنامنٹ کے بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ محمد رضوان کو دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کے بہترین بولر کا ایوارڈ بھی شاہنواز دھانی کو دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کا بہترین بلے باز کا ایوارڈ صہیب مقصود کو دیا گیا جب کہ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ بھی صہیب مقصود کو دیا گیا۔
اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ محمد رضوان اور شان مسعود نے ٹیم کو پراعتماد آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ 68 رنز پر گری جب شان مسعود 37 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔