کینیڈا میں قدیم مقامی باشندوں کے اسکول سے مزید 751 بچوں کی قبریں دریافت

243

کینیڈا کے قدیم قبائلی باشندوں کے سابقہ بورڈنگ اسکول کے قریب سے دریافت ہونے والی 751  نامعلوم قبروں نے پورے ملک کو ایک بار پھر لرزا دیا ہے۔

کینیڈا کے قدیم مقامی باشندوں کے قبائل میں سے ایک کے رہنما نے میڈیا کو بتایا کہ مغربی کینیڈا میں قدیمی باشندوں کے بچوں کے لیے قائم ایک سابقہ کیھتولک بورڈنگ اسکول کے قریب سے 750 سے زائد قبریں ملی ہیں۔

خیال رہےکہ یہ ایک ماہ کے عرصے کے دوران قبائلی بچوں کی قبریں ملنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے، گذشتہ دنوں بھی برٹش کولمبیا صوبے میں قبائلیوں کے ایک سابق بورڈنگ اسکول سے 215 بچوں کی باقیات ملی تھیں۔

خیال رہے کہ 19 اور 20 صدی کے دوران یورپ سے آئے افراد نے کینیڈا کے مقامی افراد کو زیردست کرکے وہاں خود قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد انہوں نے مقامی قبائل کے بچوں کے لیے ایسے بورڈنگ اسکول بنائے تھے جہاں انہیں زبردستی داخل کرکے انہیں یورپی زبان، ثقافت اور عیسائی مذہب اپنانے پر مجبور کیا جاتا تھا۔

بچوں کی قبریں ملنے کے واقعات نے جدید کینیڈا کی تاریخ کے سیاہ باب پر روشنی ڈالی ہے جس کے باعث پوپ اور چرچ سے مطالبہ کیاجارہا ہے کہ وہ اسکولوں میں مقامی بچوں سے ہونے والی زیادتی اور تشدد پر معافی مانگیں جہاں ان بچوں کو زبردستی حکمرانوں کی ثقافت اپنانے پر مجبور کیا جاتا تھا۔