پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم اور قومی خواتین اے کرکٹ ٹیم آئندہ ہفتے ویسٹ انڈیز کا دورہ کریں گی۔ یہ دونوں ٹیمیں وہاں محدود طرز کی کرکٹ پر مشتمل سیریز کھیلیں گی۔
دونوں ٹیمیں 23 جون کو لاہور سے انٹیگا روانہ ہوں گی۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے دورہ کیریبئن میں3 ٹی ٹونٹی اور 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچزشامل ہیں۔ اس دوران دونوں ممالک کی خواتین اے کرکٹ ٹیموں کے مابین 3 ٹی ٹونٹی اور 3 ون ڈے میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔یہ تمام میچز بھی انٹیگا میں ہی کھیلے جائیں گے۔
اس دورے کی منفرد بات یہ ہے کہ قومی مینز کرکٹ ٹیم بھی میزبان ٹیم کے خلاف 5 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اور 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کی غرض سے 21 جولائی کو ویسٹ انڈیز پہنچے گی۔
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا گزشتہ 4 ماہ کے دوران یہ تیسرا بین الاقوامی دورہ ہے۔ اس سے قبل قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا، جس کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم زمبابوے روانہ ہوگئی تھی مگر فلائیٹ آپریشن معطل ہونے کے سبب یہ دورہ مختصر کردیا گیا تھا۔