قومی ٹیم سوئٹزرلینڈ میں منعقدہ ورلڈ روڈ سائیکلنگ ایونٹ میں حصہ لے گی

293

اسلام آباد: پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری نثار احمد نے کہا کہ قومی ٹیم رواں سال ستمبر 2020ء میں سوئٹزرلینڈ میں ہونے والےورلڈ روڈ سائیکلنگ کے انفرادی ٹائم ٹرائل ایونٹ میں حصہ لے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن (پی ایس ایف) نے اپنے تمام ملحقہ یونٹس کو انفرادی ٹائم ٹرائل کی تربیت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اگلے ماہ جولائی میں ورلڈ روڈ چمپئین میں قومی ٹیم کے انتحاب کے لئے کھلاڑیوں کے ٹرائلز لیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایونٹ کے لئے بہترین سائیکلسٹوں کے چناؤ کے لئے فیڈریشن کھلاڑیوں کے ٹرائلز لیں گے۔ ٹرائلز میں کم از کم 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے حامل سائیکلسٹوں کو ایونٹ کے لیےشارٹ لسٹ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جولائی میں ہونے والے ٹرائلز میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر سائیکلسٹ کا انتخاب کیا جائے گا۔ ٹرائل کی جگہ اور تاریخ اور وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ صرف تجدید شدہ سائیکلنگ لائسنس ہولڈر ہی اس ٹرائل میں شرکت کر سکتے ہیں۔

نثار احمد کا کہنا تھا کہ فیڈریشن سے منسلک تمام یونٹس سے گزارش ہے کہ اپنے سائیکلسٹوں کے لئے ضروری ٹریننگ کیمپ کا اہتمام کریں تاکہ وہ ٹرائلز میں بہترین کارکردگی دینے کے لئے پوری طرح تیار ہوں۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ تربیت کے دوران COVID-19 کی روک تھام کے سلسلے میں حکومت کی طرف سے وقتاً فوقتاً مطلع کردہ ایس او پیز کی سختی سے عملدرامد کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کے سائیکل سواروں کے نام اور ان کے کوچوں کے ناموں کے ساتھ ضروری تربیتی شیڈول جلد سے جلد پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے ساتھ شیئر کیا جا سکتا ہے۔