سانتا باربرا: خشکی، سمندر اور ہوا میں روبوٹس غیرمعمولی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ تاہم کسی ریگستان کے ریت میں روبوٹ کو داخل کرنا امرِ محال تھا جس کا کامیاب تجربہ امریکی انجینیئروں نے کیا ہے۔
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سانٹا باربرا اور جارجیا ٹیک نے مشترکہ طور پر ایک ایسا روبوٹ بنایا ہے جس کے اگلے سرے سے اسے آگے بڑھانے والا مٹیریئل باہر نکلتا رہتا ہے۔ اس کے بعد مٹی میں غوطہ لگانے کے لیے وہ اپنے منہ سے ہوا کی بوچھاڑ خارج کرکے مٹی کو ہٹاتا رہتا ہے اور اپنا راستہ بناتے ہوئے آگے بڑھتا رہتا ہے جس کا عملی مظاہرہ اس ویڈیو میں بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
مٹی والے سانپ روبوٹ کا ڈیزائن ہی اس کا سب سے اہم حصہ ہے۔ یہ ایک طرح کا لچکدار نرم روبوٹ ہے جو اپنے پورے وجود کو کھینچنے کی بجائے خود کو اپنے ’اگلے کنارے سے بڑھاتا‘ رہتا ہے۔ چونکہ روبوٹ سانپ کا اگلا حصہ ہی حرکت کرتا ہے تو اس طرح وہ تیزی سے آگے بڑھتا ہے۔ اس کی نوک پر ایک نوزل ہے جس سے زوردار ہوا خارج ہوتی رہتی ہے اور مٹی کے ہٹاؤ سے راستہ بنتا رہتا ہے۔