امریکا میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ، ایریزونا میں ایک شخص ہلاک، 13 زخمی

225

امریکا میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ پیش آیا، ریاست ایریزونا میں فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص ہلاک، 13 زخمی ہو گئے۔

امریکی ریاست ایریزونا کے علاقے ویسٹ ویلی میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں گاڑی پر سوار ملزم نے 8 مقاما ت پر فائرنگ کی، حملہ آور کی گاڑی کو فائر فائٹرز نے روک لیا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم کو بغیر کسی مسلح تصادم کے حراست میں لیا گیا، اس نے تمام مقامات پر اکیلے ہی فائرنگ کی، کسی دوسرے شخص کے واردات میں شریک ہونے کے شواہد نہیں ملے۔ حملے میں زخمی ہونے والوں کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل فلوریڈا کے شہر پام بیچ کے گروسری سٹور میں ایک شخص نے فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں خاتون اور دو سالہ بچہ ہلاک ہوگیا تھا،امریکی میڈیا کے مطابق ملزم نے فائرنگ کے بعد خودکشی کرلی تھی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ امریکہ میں فائرنگ کے واقعات اکثروبیشتر پیش آتے رہتے ہیں۔