کھیتی باڑی کرنے والے دھانی نام کمانے لگے

220

کھیتی باڑی کرنے والے دھانی پی ایس ایل میں نام کمانے لگے، ملتان سلطانز کے پیسر کا کہنا ہے کہ والد پڑھائی پر توجہ دینے کی تاکید کرتے مگر اپنی لگن سے آگے بڑھتا گیا۔

شاہنواز دھانی نے کہا کہ پاکستان کے لیے کھیلنے والے کرکٹرز ملک کی شان ہیں، میری کامیابیوں پر اندرون سندھ کے رہنے والوں کو بھی فخر ہوتا ہے، شکر ہے کہ کم وقت میں ہی اس مقام تک پہنچ گیا، میرا گاؤں لاڑکانہ سے 25منٹ کی مسافت پر ہے جہاں چاول، گندم اور امرود کی پیداوار ہوتی ہے،میں کھیتی باڑی کرتا تھا، والد پڑھائی پر توجہ دینے کی تاکید کرتے مگر اپنی لگن سے آگے بڑھتا گیا اور اس مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوا، میری وجہ سے اندرون سندھ کے والدین بھی اپنے بچوں کوکرکٹ میں سپورٹ کر رہے ہیں، اب ان کو بھی امید ہے کہ محنت کریں گے تو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔

پی ایس ایل6کے ٹاپ بولرز میں شامل شاہنواز دھانی نے کہا کہ لیگ میں انٹرنیشنل اسٹارز شرکت کرتے ہیں، تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ اور خلاف کھیل کر سیکھنے کا موقع ملتا ہے، ان کی خوبیاں اور خامیاں جانتے ہوئے بولنگ میں بہتری لانے کا ہنر حاصل ہوتا ہے، جن اسٹار کرکٹرز کو آئیڈیل سمجھتا تھا،ان کے ساتھ کھیلنے پر فخر محسوس کرتا ہوں۔