فرانس میں مسافر بردار طیارہ زمین پر گر کر تباہ، 3 ہلاک

250

پیرس: فرانس میں ایک انجن والا چھوٹا طیارہ ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس میں ایک انجن والے طیارے روبن ایچ آر 100 نے ایئر فیلڈ سے اُڑان بھری تھی تاہم کسی خرابی کے باعث ویمبریچیز کے علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ طیارے کو ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوتے دیکھا، زمین پر گرتے ہی طیارے میں آگ بھڑک اُٹھی۔ طیارے میں 4 افراد سوار تھے۔ فیڈرل ایوی ایشن نے حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔

ریسکیو اداروں نے امدای کاموں کا آغاز کرتے ہوئے جہاز پر لگی آگ پر قابو پالیا اور ملبے سے 3 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔ ایک شخص کو زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی عمریں 21 سے 69 سال ہے اور ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں تاہم ہلاک ہونے والوں کی شناخت لواحقین کی اجازت کے بعد ہی ظاہر کی جائے گی۔