اڑن طشتریوں کے بارے میں خفیہ امریکی رپورٹ سامنے آگئی

147

واشنگٹن ڈی سی: امریکی میڈیا نے اڑن طشتریوں اور خلائی مخلوق کے بارے میں نئی خفیہ رپورٹ کے کچھ حصے عوام کے سامنے پیش کردیئے ہیں۔

یہ رپورٹ امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے مختلف اداروں کے تعاون سے مرتب کی ہے جو اس مہینے (جون 2021) کے اختتام تک امریکی کانگریس میں پیش کی جائے گی۔

امریکی اخبارات نیویارک ٹائمز اور واشنگٹن پوسٹ نے گمنام سرکاری عہدیداروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ اگرچہ اُڑن طشتریوں یا خلائی مخلوق کے درست ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے لیکن پھر بھی یہ امکان نظر انداز نہیں کیا جاسکتا کہ ایسی خبریں واقعتاً سچی ہوں۔

آسان الفاظ میں کہا جائے تو یہ رپورٹ ’’بے نتیجہ‘‘ ہے!

نیویارک ٹائمز نے گمنام سینئر انتظامی عہدیداران کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ گزشتہ 20 سال کے دوران ’’نامعلوم اُڑن اشیاء‘‘ (المعروف ’’اُڑن طشتریوں‘‘) کے ایسے 120 واقعات ریکارڈ پر آچکے ہیں جن کا امریکی فوج کے کسی خفیہ منصوبے یا خفیہ ٹیکنالوجی سے کوئی تعلق نہیں تھا، جبکہ انہیں انتہائی بلندی پر چھوڑے گئے ہیلیئم غبارے بھی قرار نہیں دیا جاسکتا تھا۔

ان میں بعض مشاہدات کی ویڈیوز امریکی فضائیہ اور بحریہ کے ذمہ داروں نے بھی بنائی ہیں۔

’’ان تمام مشاہدات سے خلائی مخلوق یا اُڑن طشتریوں کا وجود ثابت تو نہیں ہوتا لیکن ان کی تردید بھی نہیں کی جاسکتی،‘‘ نیویارک ٹائمز نے اپنی خبر میں لکھا۔