سال 2022 میں بھی ’آسکر‘ ایوارڈ تاخیر سے کرنے کا اعلان

254

فلمی دنیا کے سب سے معتبر فلمی ایوارڈ ‘آسکر’ دینے والے ادارے دی اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنس اور اے بی سی ٹیلی وژن نیٹ ورک نے اعلان کیا ہے کہ 2022 میں بھی ایواڈز تقریب تاخیر سے کی جائے گی۔

کورونا کی وبا کے باعث 2021 میں بھی ’آسکر‘ ایوارڈز کی تقریب دو ماہ بعد اپریل میں منعقد کی گئی تھی، عام طور پر ایوارڈ تقریب فروری کے آخر میں ہوتی ہے۔

وبا کے باعث جہاں 93 ویں آسکر ایوارڈز کی تقریب تاخیر سے ہوئی تھی، وہیں اس مرتبہ ایسی فلموں کو بھی نامزدگیاں دی گئی تھیں، جنہیں سینما بند ہونے کے باعث آن لائن ریلیز کیا گیا تھا۔

تاحال سینما ہالز بند ہونے کی وجہ سے 94 ویں آسکرز کے لیے بھی اکیڈمی نے ان فلموں کو بھی نامزدگیاں دینے کا اعلان کیا ہے، جنہیں تھیٹرز میں ریلیز نہیں کیا جا سکے گا۔

اے بی سی نیٹ ورک اور اکیڈمی عہدیداروں نے تصدیق کی کہ 94 ویں آسکر ایوارڈز کی تقریب 27 مارچ 2022 کو ہوگی۔

ایک ماہ تاخیر سے ہونے والے ایوارڈ شو کو اس مرتبہ بھی لاس اینجلس کے ڈولبے تھیٹرز میں منعقد کیا جائے گا لیکن کورونا ایس او پیز کی پابندی کی جائے گی۔