بوسٹن: میساچیوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) کے سائنسدانوں نے کاربن نینوٹیوب ٹرانسسٹرز کی صنعتی پیمانے پر تیاری میں ایک اہم پیش رفت کی ہے، جس سے امید کی جارہی ہے کہ موجودہ عشرے کے اختتام تک کاربن نینوٹیوبز کی بدولت انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ایک نیا انقلاب برپا ہوجائے گا۔
مستقبل میں کاربن نینوٹیوبز سے بنی کمپیوٹر چپس اور مائیکروپروسیسرز سے انقلابی ترقی کی امید ہے کیونکہ یہ عام سلیکان چپس اور مائیکروپروسیسرز کے مقابلے میں نہ صرف کم بجلی استعمال کرتی ہیں بلکہ زیادہ تیز رفتار بھی ہوتی ہیں لیکن اب تک ان کی صنعتی پیمانے پر تیاری ممکن نہیں تھی، بلکہ انہیں بہت چھوٹے پیمانے پر صرف تجربہ گاہوں میں استعمال کی غرض ہی سے تیار کیا جاسکتا تھا۔
یہ مسئلہ حل کرنے کےلیے ایم آئی ٹی میں کمپیوٹر سائنس اور الیکٹریکل انجینئرنگ کے اسسٹنٹ پروفیسر، میکس شولیکر نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کچھ نئی تکنیکیں ایجاد کیں جن کی مدد سے انہوں نے روایتی سلیکان چپس بنانے والی ایک فیکٹری میں کاربن نینوٹیوب چپس کی تیز رفتار اور بڑے پیمانے پر تیاری میں کامیابی حاصل کی۔