مسئلہ فلسطین پر بےعملی اقوامِ متحدہ کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے، صدر جنرل اسمبلی

239

اسلام آباد: اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکن بوزکر کا کہنا ہے کہ فلسطین کے اہم معاملے پر بے عملی اقوامِ متحدہ اور سیکورٹی کونسل کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں تاریخی خطاب کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکن بوزکر کا کہنا تھا کہ کورونا وبا نے دنیا میں بڑے  معاشرتی، سیاسی اور معاشی مسائل کو جنم دیا، جن کا حل مشترکہ لائحہ عمل سے ہی ممکن ہے، ان حالات میں ممبر ممالک کو اکھٹا رکھنا بڑا چیلنج تھا، کورونا ویکسین امیر اور غریب ممالک کی یکساں ضرورت ہے، کورونا وبا کے سدباب کے لیے پاکستانی حکومت نے جو کچھ کیا اس پر میں انہیں خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، پچھلے سال جب میں یہاں آیا تب بھی پاکستان کی صورتحال نسبتاً بہتر تھی، پاکستانی حکومت کے اقدامات کے حوصلہ افزا نتائج آرہے ہیں، میں خوش ہوں کہ پاکستان مریضوں کی تعداد میں کمی لانے اور لوگوں کی جانیں بچانے کے لیے مؤثرکام کر رہا ہے۔

مسئلہ فلسطین، کشمیر، افغانستان ، کوڈ 19 اور اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے صدر وولکن بوزکر کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی نے پچھلے ہفتے فلسطین کی صورتحال پر میٹنگ بلائی تاکہ سیکیورٹی کونسل کی خاموشی اور ڈیڈلاک کا ازالہ کیا جاسکے، اس اہم معاملے پر بے عملی اقوامِ متحدہ اور سیکورٹی کونسل کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے، میں امید کرتا ہوں کہ سیکورٹی کونسل کی جانب سے بھی اس اہم اور ضروری مسئلہ پر متفقہ آواز سنائی دے گی۔