آسٹریا سے تعلق رکھنے والے کوہ پیمائی کے ماہر گائیڈ لوکاس فرٹنبیچ نے کہا ہے کہ ماؤنٹ ایورسٹ پر کورونا وائرس پھیلنے سے کوہ پیما اور مددگار عملے کے ارکان سمیت کم از کم 100 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق یہ دنیا کی بلند ترین چوٹی پر کووڈ 19 کی موجودگی کے حوالے سے پہلا جامع بیان ہے۔ خیال رہے کہ نیپال کے سرکاری عہدیدار یہاں پر کورونا وائرس کی موجودگی سے انکار کرتے رہے ہیں۔
آسٹریا کے لوکاس فرٹنبیچ وہ پہلے معروف کوہ پیما گائیڈ ہیں جنہوں نے گزشتہ ہفتے کورونا وائرس کے خدشات کے سبب ایورسٹ کی اپنی مہم روک دی تھی۔ انہوں نے کہا ان کے ایک غیر ملکی گائیڈ اور 6 نیپالی شرپا گائیڈز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
لوکاس نے اے پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا خیال ہے کہ اب تک ریسکیو پائلٹس، انشورنس عہدیداروں، کوہ پیمائی مہم کے گائیڈز اور ڈاکٹروں سے تمام کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ میرے پاس پازٹیو ٹیسٹ رپورٹس ہیں، اس لیے ہم یہ ثابت کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہمارے پاس بیس کیمپ میں کم سے کم 100 افراد کورونا پازٹیو ہیں اور یہ تعداد 150 یا 200 تک ہو سکتی ہے۔ یہ بات واضح ہے ایورسٹ بیس کیمپ میں بہت سے کووڈ کیسز موجود تھے۔ مجھے دکھائی دے رہا تھا کہ لوگ بیمار ہیں، ان کے خیموں سے کھانسنے کی آوازیں صاف سنائی دے رہی تھیں۔