اسرائیل کی جانب سے غزہ میں 11 روز جاری رہنے والے حملوں کے بعد فلسطینی حکام نے کہا ہے کہ بمباری میں 2 ہزار گھر تباہ ہوگئے جبکہ مجموعی طور پر نقصانات کا تخمینہ 15 کروڑ ڈالر سے زائد ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے پی‘ کے مطابق غزہ ورکس اینڈ ہاؤسنگ وزارت کے ڈپٹی ناجی سرہان نے بتایا کہ 11 روزہ جنگ میں 2 ہزار سے زائد رہائشی یونٹ جزوی یا مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں۔
ناجی سرہان نے بتایا کہ غزہ میں پولیس کے درجنوں دفاتر کے ساتھ 4 مساجد بھی تباہ ہوگئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے صنعتی زون میں زیادہ تر فیکٹریاں تباہ ہوچکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی بمباری سے ابتدائی طور پر لگائے گئے نقصان کا تخمینہ 15 کروڑ ڈالر ہے اور تاحال نقصانات کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔
دوسری جانب دی واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق فسلطینی حکام کی جانب تاحال اسرائیلی بمباری کی وجہ سے ہونے والے نقصان کا حتمی تخمینہ لگانا مشکل ہے لیکن یہ نقصان اربوں ڈالر پر مشتمل ہے۔