فلسطین کا اسرائیل پر جنگی جرائم کا مقدمہ دائر کرنے کا اعلان

273

فلسطین کی حکومت نے غزہ میں شہری آبادی پر وحشیانہ بمباری کرنے پر اسرائیل پر جنگی جرائم کا مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کردیا،حماس اور اسرائیل کے مابین جنگ بندی پرعملدرآمد جاری ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق غزہ میں زندگی بحال ہونے لگی،امداد بھی پہنچنے لگی۔ گیارہ روز تک جاری رہنے والے اس خونریز تنازعے کے دوران ہزاروں بے گھر فلسطینی اب اپنے گھروں کو لوٹ رہے ہیں۔غزہ کے کچھ علاقوں میں ملبے کو ہٹانے اور سڑکوں کو ٹھیک کرنے کا کام شروع کردیاگیا۔حماس کے حکام نے امدادی سرگرمیوں کیلئے اتوار کو بھی دفاتر کھلے رکھنے کااعلان کردیا۔ اقوام متحدہ کے مطابق غزہ کیلئے 1کروڑ 85لاکھ ڈالر کی امداد ہنگامی طور پر پہنچائی جا رہی ہے ۔مصری حکام کے مطابق امداد کے 130ٹرک غزہ پہنچ گئے۔

فلسطینی حکام کے مطابق صیہونی بمبار ی سے 248فلسطینی شہید ہوئے جن میں 66بچے بھی شامل ہیں، پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق بمباری سے 769 دکانیں تباہ ہوئیں ،258عمارتوں میں موجود1042گھر تباہ ہوگئے جبکہ ساڑھے 14ہزار سے زائد گھروں کو معمولی نقصان پہنچا۔اقوام متحدہ کے مطابق بمباری سے غزہ میں صاف پانی کی فراہمی کا 50فیصد نیٹ ورک تباہ ہوگیا جس سے 8لاکھ افراد صاف پانی سے محروم ہوگئے ۔ہفتے کوفلسطینی حکومت نے کہاکہ وحشیانہ صیہونی کارروائیوں کیخلاف جنگی جرائم کی عالمی عدالت آئی سی سی سے رجوع کیا جائے گا۔