فلسطینیوں کیلیے نکلنے والی ریلی میں دوپٹہ نہ پہننے پرماہرہ تنقید کی زد میں

322

کراچی: اداکارہ ماہرہ خان کو فلسطینیوں کے حق میں نکلنے والی ریلی میں دوپٹہ نہ پہننے پر سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

دو روز قبل کراچی پریس کلب کے باہر فلسطینیوں کے حق میں احتجاج کیا گیا جس میں عوام کی بڑی تعداد کے ساتھ پاکستانی فنکاروں ماہرہ خان،  شہریار منور، نادیہ حسین، صنم جنگ، گلوکار فلک شبیر، سماجی کارکن جبران ناصر اور سیاسی کارکن فاروق ستار سمیت کئی مشہور شخصیات نے شرکت کرکے مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

سوشل میڈیا پر جہاں فنکاروں کی جانب سے فلسطینیوں کے حق میں اٹھائی جانے والی آوازوں کو سراہا گیا وہیں لوگوں کی بڑی تعداد نے صرف اس بات پر فوکس کیا کہ ماہرہ خان احتجاج میں بغیر دوپٹے کے شریک ہوئی ہیں۔ اور لوگوں نے ان پر تنقید کرنی شروع کردی۔

سوشل میڈیا پر لوگوں نے ماہرہ خان کی احتجاج میں شرکت کی تصاویر اور ویڈیوز پر تنقیدی تبصرے کرتے ہوئے کہا ’’آپ مسلمان ہیں آپ کا دوپٹہ کہاں ہے؟‘‘ جب کہ کچھ لوگوں نے کہا کہ دوپٹہ نہ لینے سے تمہاری پکڑ ہوگی۔