کورونا کی سنگین صورتحال، مدد کی پیشکش پر ارجن کپور کی پاکستان کی تعریف

313

بھارت میں کورونا کی سنگین صورتحال کے دوران پاکستانیوں کی جانب سے مدد کی پیشکش پر بالی ووڈ اداکار ارجن کپور نے پاکستان کی تعریف کی ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران اداکار نے بھارت میں کورونا کی بدتر صورتحال کے دوران پاکستانیوں کی جانب سے بھارت کو پیش کی جانے والی مدد اور سپورٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو یہ فراموش نہیں کرنا چاہئے کہ کووڈ 19 بحران کے دوران پاکستانیوں کی جانب سے مدد کا ہاتھ بڑھایا گیا۔ وسیع تناظر میں آپ کو اس عمل کا احترام کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا یہ ایسا وقت ہے جب لوگ سرحدوں کو اور ایک دو سال قبل کے سیاسی منظر نامے کو چھوڑ کر ایک دوسرے کے قریب آرہے ہیں۔ دونوں ممالک کرکٹ کے علاوہ بھی ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ جب بات کرکٹ کی ہوتی ہے تو یہ دونوں ہی ایک صفحے پر نہیں ہوتے ورنہ دونوں ممالک کی ایک دوسرے کے ساتھ دوستی ہے۔

ارجن نے امید ظاہر کی کہ یہ دوستی مزید برقرار رہے گی۔ حیرت ہے کس طرح فن اور ثقافت ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں کیونکہ ان کی حال ہی میں نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی فلم ’’سردار کا گرینڈ سن‘‘ کو پاکستانیوں کی جانب سے بے حد سپورٹ مل رہا ہے۔

ارجن کپور کا مزید کہنا تھا آج رکاوٹیں زیادہ ہیں لیکن مجھے امید ہے رکاوٹیں ختم ہوجائیں گی۔ میں بس امید اور دعا کرسکتا ہوں کہ دونوں ممالک کے درمیان جو فاصلہ اور خلا پیدا ہوگیا ہے وہ دور ہوجائے اور ہم امن کے ساتھ رہیں۔