برفانی چیتے کی70 فیصد رہائش گاہیں غیردریافت شدہ ہیں، ڈبلیو ڈبلیوایف

343

کراچی: ڈبلیو ڈبلیو ایف نے اپنی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اب تک برفانی چیتوں کی تقریبا 30 فیصد رہائش گاہوں کو ہی دریافت کیا گیا ہے۔ 

’برفانی چیتے کی 100 سالہ تحقیق – معلوماتی جائزہ‘ کے عنوان سے جاری ہونے والی اس رپورٹ میں برفانی چیتے کی اقسام، ان کے رہائشی مقامات اورانہیں درپیش خطرات سے متعلق معلومات کاجائزہ پیش کیاگیا۔

رپورٹ کے مطابق برفانی چیتے کی اکثریت 12 ممالک میں پائی جاتی ہے، جب کہ عالمی سطح پر، ایشیاء کے بلند و بالا پہاڑوں میں برفانی چیتوں کی تعداد لگ بھگ 4 ہزار کے قریب ہوسکتی ہے، برفانی چیتے کی نایاب نسل کورہائشی مقامات کے نقصانات اور غیر قانونی شکار سمیت دیگر کئی خطرات لاحق ہیں، جب کہ موسمیاتی تبدیلی اور درجہ حرارت میں اضافہ برفانی چیتوں کے رہائشی مقامات کے بڑے حصے پر اثرانداز ہوگا۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ برفانی چیتے کےبنیادی اعدادو شمار کی کمی سے ان کے تحفظ میں رکاوٹ پیدا ہوسکتی ہے، برفانی چیتا پیچیدہ مقام پر رہتاہے، ڈبلیو ڈبلیو ایف گلوبل سنو لیپرڈ کےرہنما اور رپورٹ کے مصنف رشی کمار شرما کےمطابق اس نایاب جنگلی حیات کی معلومات حاصل کرنےکے لیے 1970 میں کوششوں کا آغاز کیاگیا تھا۔ تاہم دوردراز مقامات پر اس کی رہائش گاہیں تلاش نہیں کی جاسکتیں، مکمل معلومات نہ ہونے سے اس کی حیثیت ابھی بھی غیردریافت شدہ ہے۔