فلسطینیوں پر مظالم کیخلاف اداکارہ دیا مرزا خاموش نہ رہ سکیں

258

اسرائیلی فوج کی طرف سے فلسطینیوں پر بدترین مظالم کیخلاف بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا خاموش نہ رہ سکیں۔

یاد رہے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بدترین بمباری جاری ہے جس کے نتیجے میں 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔

بھارتی اداکارہ نے ٹوئٹر پر 10 سالہ فلسطینی بچی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ دنیا امن حاصل کرنے کیلئے کیوں ایک ساتھ نہیں ہورہی؟

دیا مرزا کا کہنا تھا کہ ہمارے بچوں کو یہ سب کیوں بھگتنا پڑتا ہے؟ میں دل سے اس سب کو ختم کرنے کی درخواست کرتی ہوں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اس ویڈیو کو مڈل ایسٹ آئی کی جانب سے 15 مئی کو شوٹ کیا گیا تھا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

یاد رہے کہ غزہ میں اسرائیلی دہشتگردی کا نشانہ بننے والی 10 سالہ بچی نادین عبدیل کی ویڈیو نے دیکھنے والوں کو غمزدہ کردیا۔

ویڈیو میں نادین عبدیل کو آنکھوں میں آنسو اور زارو قطار روتے دیکھا جاسکتاہے جس میں وہ اسرائیلی ظلم و ستم پر آہ بکا کررہی ہے۔

ویڈیو میں 10 سالہ نادین ملبے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دنیاکو بتارہی ہے کہ  میں بچپن سے ہی بیمار ہوں، میں نہیں جانتی کہ مجھے کیا کرنا ہے، میں کچھ نہیں کرسکتی، اسے ٹھیک کریں، میں صرف 10 سال کی ہوں ، میں ان سے نہیں نمٹ سکتی۔