بھارت میں سمندری طوفان تاؤتے سے تباہی، 24 افراد ہلاک

272

مغربی ہندوستان میں سمندری طوفان تاؤتے کے ٹکرانے سے 24 افراد ہلاک اور 100 کے قریب لاپتا ہو گئے، جس کے نتیجے میں کورونا وائرس کی تباہ کن لہر کا مقابلہ کرنے والے بھارت کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پیر کی شام طوفان تاؤتے کے گجرات کے ساحل پر ٹکرانے کے بعد ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہو گئے جبکہ کئی مقامات پر درخت گرنے سے اہم شاہراہیں بند ہو گئیں۔

حکام نے بتایا کہ 130 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے سمندری کے سامنے واقع مکانات کی کھڑکیوں کو توڑ دیا اور بجلی کی لائنوں اور ہزاروں درختوں کو جڑ سے اکھاڑ دیا جس سے متاثرہ علاقوں کی طرف جانے والی سڑکیں بند ہو گئیں۔

اس موسمیاتی تبدیلی کی وجہ بحیرہ عرب میں تیزی سے جنم لینے والا طوفانوں کا ایک تازہ ترین نظام ہے۔

قصبہ بھاونگر میں ایک ہوٹل کے مالک نے بتایا کہ میں نے اپنی زندگی میں اس قدر شدت کے طوفان کا سامنا کبھی نہیں کیا، ہر طرف تاریکی چھائی ہوئی تھی کیونکہ بجلی منقطع ہو چکی تھی اور ہوائیں چل رہی تھیں۔ یہ ایک ڈراونا منظر تھا۔