ہولی وڈ کے ایکشن ہیرو ٹام کروز نے آسکر کے بعد دنیا کے دوسرے معتبر ترین ایوارڈز گولڈن گلوب انتظامیہ کی جانب سے کمیٹی میں اصلاحات نہ کیے جانے کی خبریں سامنے آنے کے بعد احتجاجاً اپنے تین ایوارڈز تنظیم کو واپس کردیے۔
علاوہ ازیں امریکی ٹی وی نیٹ ورک این بی سی نے بھی اصلاحات نہ ہونے تک گولڈن گلوب ایوارڈز کی آئندہ سال کی تقریب کو ٹی وی پر نشر نہ کرنے کا اعلان کردیا۔
این بی سی نیٹ ورک نے 9 مئی کو بیان میں کہا کہ ان کا ٹی وی چینل 2022 کے گولڈن گلوب ایوارڈ کی تقریب نشر نہیں کرے گا۔
ٹی وی نیٹ ورک کے مطابق گولڈن گلوب ایوارڈز منعقد کرنے والی تنظیم ہولی وڈ فورین پریس ایسوسی ایشن (ایچ ایف پی اے) تنظیمی اصلاحات کے لیے پرعزم ہے مگر تنظیم میں اصلاحات میں کافی وقت لگے گا، اس لیے مکمل اصلاحات نہ ہونے تک گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب کو 2022 میں نشر نہیں کیا جائے گا۔