اسرائیل کا غزہ پر فضائی حملہ، شہید افراد کی تعداد 28 تک پہنچ گئی

301

 غزہ: اسرائیل کے غزہ پر فضائی حملے میں شہید فلسطینی باشندوں کی تعداد 28 تک پہنچ گئی جب کہ درجنوں افراد زخمی ہیں، شہید ہونے والوں میں 9 بچے بھی شامل ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ جمعہ سے جاری ہونے والی جھڑپوں کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا۔ اسرائیلی پولیس کی جانب سے فلسطینی مظاہرین پر ربڑ کی گولیوں اور اسٹن گرینیڈ کی وجہ سے یپر کو بھی درجنوں فلسطینی زخمی ہوئے۔

ان جھڑپوں کے بعد حماس نے اسرائیل پر راکٹ حملے کرنے کی دھمکی دی تھی ، پیر کو حماس نے یروشلم پر راکٹ حملے کردیے دو اسرائیلی باشندے ہلاک ہوگئے۔

حماس کے راکٹ حملوں کے جواب میں اسرائیل نے شمالی غزہ میں فضائی حملے کردیے جس کے نتیجے میں پیر کی رات تک 20 افراد ہلاک ہوگئے تاہم منگل کو ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 28 تک پہنچ گئی۔ فلسطین کی وزارت صحت نے ان 28 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

بی بی سی کے مطابق حماس نے اسرائیل پر 150 راکٹ فائر کرنے کی تصدیق کی ہے جب کہ اسرائیلی دعویٰ ہے کہ 300 راکٹ فائر کیے گئے جن میں سے بیشتر ڈیفنس سسٹم کے ذریعے تباہ کردیے گئے۔