’ فارغ‘ آسٹریلوی کرکٹرز فرسٹریشن کا شکار ہونے لگے

89

مالے / مالدیپ:  ’ فارغ‘ آسٹریلوی کرکٹرز فرسٹریشن کا شکار ہونے لگے، مالدیپ میں موجود ڈیوڈ وارنر اور سابق کھلاڑی مائیکل سلیٹر مبینہ طور پر بار میں الجھ پڑے، پرانے دوستوں نے فوری طور پر دست و گریباں ہونے کی رپورٹس پر صفائیاں دینا شروع کردیں۔

تفصیلات کے مطابق آئی پی ایل کے ملتوی ہونے اور آسٹریلیا کی جانب سے بھارت کے ساتھ اپنی سرحد بند کرنے کی وجہ سے 40 کے قریب آسٹریلوی کرکٹرز، کوچز اور کمنٹیٹرز اس وقت مالدیپ میں وقت گزار رہے ہیں، انھیں 15 مئی کو اپنی حکومت کی جانب سے فضائی سروس بحال کیے جانے کا انتظار ہے تاکہ یہ اپنے ملک واپس لوٹ سکیں تاہم اب فراغت کے باعث کھلاڑی فرسٹریشن کا شکار ہونے لگے ہیں۔

گذشتہ روز ڈیلی ٹیلی گراف نے سب سے پہلے رپورٹ دی کہ سن رائزرز حیدرآباد کے معزول کپتان اور آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کا مالدیپ کے بار میں اپنے بہترین دوست سابق کرکٹر مائیکل سلیٹر کے ساتھ جھگڑا ہوگیا ہے، سلیٹر کمنٹیٹر کے طور پر اپنی ذمہ داری ادا کرنے کیلیے بھارت میں موجود تھے مگر وہاں پر کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے سب سے پہلے مالدیپ پہنچ گئے تھے، دونوں کے درمیان جھگڑے کی وجہ سامنے نہیں آئی تاہم یہ خبر سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیلی، جس پر سلیٹر اور وارنر دونوں ہی صفائیاں دینے لگے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.