کراچی: پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز پاکستان میں کرانے کے تمام امکانات ختم ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے شعبہ لاجسٹک نے کراچی میں ہوٹلز کی بکنگ بھی کینسل کرادی ہے اور اب لیگ کے میچز یو اے ای میں ہی کرانے پر توجہ مرکوز کردی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپرلیگ کے میچز یو اے ای میں کرانے کے لیے امارات کرکٹ حکام کو خط لکھ دیا۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل فرنچائزز او ر پی سی بی حکام کے ویڈیو لنک اجلاس میں لیگ کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یو اے ای کرکٹ بورڈ کے جواب آنے پر پی ایس ایل کے مستقبل کا حتمی تعین ہوگا۔ گزشتہ ہفتے فرنچائزز نے مشترکہ خط میں پی سی بی سے میچز کراچی کے بجائے یو اے ای کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اجلاس میں ٹیم مالکان اور ان کے نمائندوں نے بائیو سکیور ببل کو سوفی صد یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا جس پر بورڈ حکام نے انہیں تمام حفاظتی انتظامات کی یقین دہانی کرائی۔