ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا ‘سوشل میڈیا پلیٹ فارم’ متعارف کرادیا

297

کئی ماہ تک پابندی کے شکار صارفین کے لیے اپنے سوشل میڈیا نیٹ ورک کے وعدے کے بعد سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ویب سائٹ میں ایک نیا سیکشن متعارف کرادیا۔

یہ ‘سوشل میڈیا پلیٹ فارم‘ بنیادی طور پر ایک بلاگ ہے جس کا انداز ٹوئٹر کی طرح ہے تاہم اس میں طویل بلاگ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ہوسٹ کیے جائیں گے۔

لوگ اس پلیٹ فارم میں ای میل اور فون نمبر کی مدد سے پوسٹ الرٹس کے لیے سائن اپ ہوسکیں گے اور مبینہ طور پر ان کو لائیک بھی کرسکیں گے۔

اسی طرح صارفین ڈونلڈ ٹرمپ کی پوسٹس کو فیس بک اور ٹوئٹر پر بھی شیئر کرسکیں گے۔

اس پلیٹ فارم میں ٹوئٹر سے شیئرنگ کا آپشن تو فی الحال کام نہیں کررہا مگر فیس بک کی جانب سے ضرور یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔

ٹوئٹر کے ترجمان نے اس حوالے سے ٹیکنالوجی ویب سائٹ دی ورج سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ عموماً ویب سائٹ ریفرنس کے ساتھ مواد کی شیئرنگ کی اجازت اس وقت تک ہوتی ہے جب تک وہ ٹوئٹر قوانین کے خلاف نہ ہو۔

اس پلیٹ فارم کو باضابطہ طور پر 4 مئی کو لانچ کیا گیا تھا مگر اس میں موجود پوسٹس 24 مارچ کی بھی ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی پوسٹ ان کے نئے پلیٹ فارم کے لیے ویڈیو اشتہار ہے جس میں اسے ایسا مقام قرار دیا گیا ہے جہاں آزادی سے بات کی جاسکتی ہے۔