دبئی: آئی سی سی نے ٹیسٹ فارمیٹ میں کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس کے تحت بابر اعظم 3 درجے تنزلی کے ساتھ نویں نمبر پر آگئے ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ فارمیٹ کی نئی رینکنگ کے مطابق بلے بازوں میں کین ولیمسن پہلے نمبر پر ہیں، آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ دوسرے، مارنس لبوشین تیسرے، جو روٹ چوتھے، ویرات کوہلی پانچویں، ریشبھ پنت چھٹے، ہینری نکولز ساتویں اور روہت شرما آٹھویں نمبرہیں۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو زمبابوے جیسی کمزور حریف کے خلاف صفر پر آؤٹ ہونا بھاری پڑگیا ہے اور وہ ٹیسٹ فارمیٹ میں 3 درجے تنزلی کا شکار ہوکر چھٹے سے نویں نمبر پر آگئے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر آل راؤنڈرز میں پہلے نمبر پر ہیں، بین اسٹوکس دوسرے اور رویندرا جڈیجا تیسرے نمبر پر ہیں، پہلے 10 آل راؤنڈرز میں بھی کوئی پاکستانی شامل نہیں۔