آسٹریلیا نے اپنے شہریوں سمیت بھارت سے آنے والوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے اور اس پابندی کی خلاف ورزی پر سخت جرمانے اور جیل کی سزا دی جائے گی۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ان ایمرجنسی احکامات کا اطلاق پیر سے ہو گا اور کوئی بھی ایسا شخص جو گزشتہ 14 دنوں کے دوران انڈیا میں رہا ہوں، اگر پیر سے آسٹریلیا میں داخل ہوا تو اسے بھاری جرمانے اور جیل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
بھارت میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر آسٹریلیا میں اس پابندی کی خلاف ورزی کو پہلی مرتبہ سنگین جرم قرار دیا گیا ہے۔
وزیر صحت گریگ ہنٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ اس پابندی کا اطلاق 3 مئی سے ہو گا جس کی خلاف ورزی کرنے والوں کو 5 سال قید تک کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے لیے یہ فیصلہ لینا آسان نہیں تھا البتہ آسٹریلین عوام کی صحت اور قرنطینہ کے نظام اور کیسز کی تعداد محدود رکھنے کے لیے یہ فیصلہ لینا ناگزیر تھا۔