امریکا، افغانستان اور پاکستان میں ڈیوٹی فری زونز کی تجدید کرے گا

243

واشنگٹن: ایک سینئر امریکی قانون ساز نے کہا ہے کہ پاک-افغان سرحد کے ساتھ ڈیوٹی فری ایکسپورٹ زونز بنانے کے لیے امریکی سینیٹ میں ایک دو جماعتی بل جلد پیش کیا جائے گا۔

سینیٹ کمیٹی برائے خارجہ تعلقات کے اہم رکن سینیٹر وین ہولین کا کہنا تھا کہ یہ مجوزہ قانون سازی ری کنسٹرکشن اپرچونٹی زونز (آر او زیز) کے نام سے تجارتی حلقوں کو اجازت دے گی تا کہ مخصوص ڈیوٹی فری اشیا امریکا کو برآمد کی جاسکیں۔

سینیٹ کمیٹی میں افغانستان سے متعلق امریکی پالیسی کی سماعت میں وین ہولین کا کہنا تھا کہ جوبائیڈن حکومت میں موجود افراد پہلے ہی اس تجویز کے حامی ہیں۔

کراچی میں پیدا ہونے والے امریکی قانون ساز نے صدر جوبائیڈن پر زور دیا کہ وزیراعظم عمران خان کو کال کر کے امریکا پاکستان بات چیت بحال کریں کیوں کہ افغان تنازع کے خاتمے کے لیے امریکا کو پاکستان کی ضرورت ہے۔

انہوں نے زلمے خلیل زاد کو بتایا کہ وہ بھی گزشتہ بیانات میں تنازع کو حل کر نے کے لیے پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں۔

زلمے خلیل زاد کو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغان امن عمل کے لیے تعینات کیا تھا اور جوبائیڈن نے بھی انہیں اس عہدے پر برقرار رکھا، انہوں نے بھی سینیٹر وین ہولین کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دوبارہ رابطوں کے مطالبے کی حمایت کی اور امن مذاکرات میں سہولت کے لیے پاکستان کے ‘خصوصی کردار’ کو تسلیم کیا۔