برطانوی باکسر عامر خان نے ننھی زہرہ کیلئے انصاف کی اپیل کردی

312

راولپنڈی : پاکستانی نژاد باکسر عامر خان نے مالکان کے تشدد سے دم توڑنے والی کمسن ملازمہ زُہرہ کیلئے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں پر تشدد کیخلاف ایکشن لیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق چائلڈ لیبر کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر پاکستانی نژاد باکسر عامر خان نے راولپنڈی میں مالکان کے بہیمانہ تشدد سے جاں بحق ہونے والی 8 سالہ ننھی زُہرہ کیلئے انصاف کی اپیل کردی، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بچوں پرتشدد کرنے والے عناصر کیخلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے عملی اقدامات کیے جائیں۔

پاکستانی نژاد باکسر نے وزیر اعظم عمران خان سےاپیل کی کہ بچوں کو تشدد اور زیادتی کا نشانہ بنانے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے، واضح رہے کہ پاکستانی نژاد باکسر عامرخان کی فلاحی تنظیم متاثرہ خاندان کی امداد کا بھی اعلان کرچکی ہے۔

عامر خان نے گزشتہ روزانسٹاگرام پر عامرخان فاونڈیشن کے رضاکاروں کی زہرہ شاہد کے اہلخانہ سے ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا زہرہ کو انصاف ضرور ملے گا۔

کم عمر ترین باکسنگ چیمپئن نے کہا کہ مقتولہ کے بہن بھائیوں کے تعلیم کا خرچہ ہماری این جی او اٹھائے گی تاکہ انہیں بھی تعلیم کے زیور سے آراستہ ہونے کا موقع مل سکے۔