کانیے ویسٹ کے جوتے ریکارڈ 27 کروڑ روپے میں فروخت

232

امریکا کے معروف ریپر اور گلوکار کانیے ویسٹ کے اسپورٹس کمپنی کے نائیکی کے جوتوں نے قیمتِ فروخت کا ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

کانیے ویسٹ نے یہ جوتے 2008 میں گریمی ایوارڈز کی تقریب میں ‘ہے ماما’ اور ‘اسٹرونگر’ کی پرفارمنس کے دوران پہنے تھے۔

امریکی خبر رساں ادارے ‘اے پی ‘ کی رپورٹ کے مطابق برانڈ سودبیز نے اعلان کیا کہ ‘گریمی ‘ میں پہنے گئے کانیے ویسٹ کے نائیکی ایئر ییزی ون 18 لاکھ ڈالر (27 کروڑ پاکستانی روپے) میں فروخت ہوئے۔

یہ جوتے ریئرز نامی، اسنیکر انویسٹمنٹ مارکیٹ پلیس نے خریدے ہیں۔

کانیے ویسٹ جوتوں نے اب تک سب سے زیادہ قیمت میں فروخت ہونے کا ریکارڈ قائم کیا ہے اور یہ وہ پہلے جوتے ہیں جن کی قیمت 10 لاکھ ڈالرز سے تجاوز کرگئی۔

جوتوں کے معروف برانڈ سودبیز نے ایک نجی سیلز میں اس جوتے کو فروخت کیا۔

12 نمبر کے ان جوتوں کو کانیے ویسٹ اور مارک اسمتھ نے ڈیزائن کیا تھا جو نرم سیاہ چمڑے سے بنے ہیں، جس کے اوپری حصوں پر سوراخوں کے ذریعے ڈیزائننگ کی گئی ہے۔

اس ڈیزائن میں ییزی فیئر فوٹ اسٹریپ اور سگنیچر ‘وائے’ بھی موجود ہے۔