جرمنی کے دارالحکومت برلن میں کورونا ویکسین کے حوالے سے آگاہی بیدار کرنے کے لیے رمضان المبارک میں مساجد کے باہر وسیع پیمانے پر آگاہی پروگرام اور فوری ٹیسٹنگ کا عمل شروع کردیا ہے۔
برلن میں حکام نے لال اینٹوں کی مسجد کے باہر میڈیکل ٹیم کے ہمراہ ٹیسٹنگ کا عمل شروع کیا ہے تاکہ رمضان المبارک میں مسلمانوں اور جرمنی میں رہنے والے دیگر مہاجرین میں ویکسین اور وائرس کے حوالے سے پائی جانے والی غلط فہمیاں دور کر کے آگاہی بیدار کی جا سکے۔
مسجد کے باہر پارکنگ کے مقام پر ایک ٹیبل پر لیبیا، شام اور آرمینیا سے تعلق رکھنے والا عملہ جائے نماز بغلوں میں دبائے نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد میں جانے والے افراد کے ٹیسٹ کررہا ہے۔
ان میں مسجد کے امام عبداللہ حاجر بھی شامل ہیں جنہوں نے نماز کی ادائیگی سے قبل جلدی سے اپنا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا اور ٹیسٹ منفی آنے پر مسکراتے ہوئے مسجد میں داخل ہو گئے۔
امام عبداللہ حاجر نے کہا کہ مسجد میں آنے والوں کی ٹیسٹ کے لیے حوصلہ افزائی کر کے ہم وبا کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔