عراق: کورونا سے متاثرہ مریضوں کے ہسپتال میں آتشزدگی، 82 افراد جاں بحق

258

عراق کے دارالحکومت بغداد میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کے ہسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں 82 افراد ہلاک اور 110 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘رائٹر’ کے مطابق عراقی وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ متاثرہ ہسپتال میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے علیحدہ وارڈ تھا۔

ترجمان خالد المحنا نے سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا کہ ہمیں فوری طور پر مستقبل میں اس طرح کے دردناک واقعات سے بچنے کے لیے تمام ہسپتالوں میں حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینا ہوگا.

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ عراقی دارالحکومت کے دیالہ پل کے علاقے میں ابن خطیب ہسپتال میں آکسیجن ٹینک پھٹنے سے آگ لگی۔

رائٹرز کے فوٹوگرافر نے بتایا کہ بہت سی ایمبولینسز زخمیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کررہی تھیں۔

طبی ذرائع نے بتایا کہ اس واقعے میں زخمی نہ ہونے والے مریضوں کو بھی ہسپتال سے باہر منتقل کردیا گیا۔

دفاعی یونٹ کے سربراہ نے بتایا کہ آتشزدگی ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں ہوئی اور 120 افراد میں سے 90 افراد کو بچا لیا گیا۔