بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں کورونا وائرس کی نئی لہر کی وجہ سے نظام صحت بری طرح ٹھپ ہوگیا ہے اور عالمی وبا سے متاثرہ مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر شہر کے متعدد ہسپتالوں نے آکسیجن فراہم کرنے کی اپیل کردی۔
اس نئی لہر کے دوران تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ، وائرس کی نئی طرز کے ساتھ ساتھ حکومت کی جانب سے ‘کمبھ میلے’ سمیت بڑے عوامی اجتماعات کی اجازت دینے کو قرار دیا جا رہا ہے۔
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 لاکھ 30 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 2000 افراد ہلاک ہوگئے۔
دوسری جانب ممبئی کے ایک نجی ہسپتال میں آتشزدگی کے باعث 13 مریض جاں بحق ہو گئے۔
ایک مقامی عہدیدار نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ہسپتالوں میں آگ لگنے کا تازہ واقعہ جمعہ کو علی الصبح ممبئی کے مضافات میں پیش آیا جس کی تحقیقات شروع کی جا چکی ہیں۔
فائر بریگیڈ کے اہلکار موریسن کھاوری نے بتایا کہ وجے ولبھ ہسپتال کے آئی سی یو میں آگ لگنے کے وقت 17 مریض موجود تھے جن میں سے 13 کی موت ہوگئی جبکہ بقیہ چار مریضوں کو دوسرے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔