حملہ آور ڈرونز کے ٹکڑے اُڑانے والا مائیکروویو ہتھیار

404

واشنگٹن ڈی سی: امریکا کی ایک اسٹارٹ اپ کمپنی ایپیرس انکارپوریٹڈ نے ’’لیونیڈاس‘‘ کے نام سے ایک دفاعی نظام تیار کیا ہے جو حملہ آور ڈرونز کو طاقتور مائیکروویوز کی مدد سے فضا میں ہی تباہ کرسکتا ہے۔

لیونیڈاس نظام کا بنیادی اصول وہی ہے جس پر گھروں میں عام استعمال ہونے والے مائیکروویو اوون تیزی سے کھانا گرم کرتے ہیں۔

البتہ اس سے خارج ہونے والی مائیکروویوز، گھریلو اوون کے مقابلے میں کئی گنا طاقتور اور مرکوز ہوتی ہیں جو کسی ڈرون کے برقی آلات کو پلک جھپکتے میں بھون کر ڈرون کو تباہ کر ڈالتی ہیں۔

لیونیڈاس کا موجودہ پروٹوٹائپ خاصا بڑا ہے جو کسی چھوٹے ٹرک/ لوڈر گاڑی کے پچھلے حصے میں رکھا جاسکتا ہے۔ البتہ ایپیرس میں اسی ہتھیار کے ایک مختصر ڈیزائن پر بھی کام کیا جارہا ہے جسے ایک سپاہی بھی بہ آسانی اٹھا سکے گا۔

خبروں کے مطابق، ایپیرس کمپنی اب تک اسٹارٹ اپ فنڈنگ کی مد میں 7 کروڑ (70 ملین) ڈالر سے زائد کی رقم جمع کرچکی ہے جبکہ امریکا کے کسی ’’نامعلوم‘‘ سرکاری ادارے کے سامنے لیونیڈاس نظام کا عملی مظاہرہ بھی کرچکی ہے۔