امریکا نے روس پر نئی پابندیاں عائد کردیں، 10 سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم

218

امریکی صدر جو بائیڈن نے گزشتہ برس ہونے والے صدارتی انتخاب میں مداخلت اور وفاقی ایجنسیز کی ہیکنگ کے الزام میں روس پر نئی پابندیاں عائد کرتے ہوئے امریکا سے 10 سفارتکاروں کو ملک بدر کرنے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیے۔

ان پابندیوں میں ماسکو کی رقم قرض لینے کی صلاحیت کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے اور اب امریکی مالیاتی اداروں کو روسی اداروں سے براہ راست بانڈز خریدنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے کئی ہفتوں تک محیط یہ اقدامات، ہیکنگ کے الزام میں کریملین کے خلاف پہلے مزاحمتی ردعمل کی نشاندہی کرتے ہیں، جسے سولر ونڈز بریچ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

اس مداخلت کے حوالے سے مانا جاتا ہے کہ روسی ہیکرز نے وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والے سافٹ ویئر کو وائرس پر مبنی کوڈ سے متاثر کیا تھا جس کے نتیجے میں انہوں نے امریکی ایجنسیز کے نیٹ ورکس تک رسائی حاصل کی۔

امریکی حکام مانتے ہیں کہ یہ انٹیلی جنس معلومات اکٹھا کرنے کا آپریشن تھا جس کا مقصد حکومتی رازوں کا پتا لگانا تھا۔

اس ہیک کے علاوہ گزشتہ ماہ امریکی حکام نے الزام لگایا تھا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بطور صدر دوبارہ انتخاب میں حصہ لینے والے ڈونلڈ ٹرمپ کی ناکامی پر ان کی مدد کے لیے اثر و رسوخ پر مبنی آپریشنز کی اجازت دی تھی تاہم اس کے کوئی شواہد نہیں کہ روس یا کسی اور نے ووٹوں کو تبدیل کیا یا نتائج میں کوئی رد و بدل کیا۔

تاہم روس نے ان تمام کارروائیوں کے الزامات کو مسترد کیا تھا اور جوابی کارروائی سے خبردار کیا تھا۔