‘عالمی وبا نے انتہا پسندی کو بڑھایا، غربت کے خلاف جنگ متاثر ہوئی’

195

واشنگٹن: ایک امریکی رپورٹ کے مطابق کووِڈ 19 نے دنیا بھر میں منفی رجحانات کو جنم دیا، قوم پرست جذبات اور شکوک و شبہات کو ہوا دی جبکہ غربت اور صنفی عدم مساوات میں کمی میں ہونے والی پیش رفت بھی روک دی۔

ایک امریکی انٹیلی جنس رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ ‘کووڈ 19 نے لچک اور موافقت کے بارے میں دیرینہ مفروضوں کو متزلزل کردیا ہے، ساتھ ہی معیشت، گورننس، جیو پولیٹکس اور ٹیکنالوجی کے بارے میں نئی غیر یقینی صورتحال پیدا کردی ہے۔

دی گلوبل ٹرینڈز (عالمی رجحانات) 2040′ کے عنوان سے یہ رپورٹ گزشتہ ہفتے جاری کی گئی تھی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ‘عالمی وبا کے بعد کی دنیا میں کسی ایک ریاست کا تمام خطوں پر غلبہ نہیں ہوگا لیکن امریکا اور چین کا عالمی محرکات پر سب سے زیادہ اثر و رسوخ ہوگا’۔

امریکی انٹیلی جنس تجزیہ کاروں کو یقین ہے کہ عالمی وبا نے نہ صرف دنیا کو اس کی کمزوریوں کی یاد دہانی کروائی ہے بلکہ باہمی انحصار کی اعلیٰ سطح کے موروثی خطرات کا بھی مظاہرہ کیا ہے۔