مستقبل کے لیے نت نئے منصوبوں پر عمل پیرا امریکا کی ارب پتی کاروباری شخصیت اور امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا کے سی ای او ایلن مسک کی نئی ایجاد نے دنیا بھر کو ایک بار پھر حیران کر دیا۔
ایلن مسک کی کمپنی (Neuralink) نیورا لنک کی جانب سے متعارف کردہ نئی ٹیکنالوجی دماغ کے لیے بلوٹوتھ سے آراستہ ایک چپ ہے جسے دماغ کے دونوں جانب نصب کیا جاتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایلن مسک کی ٹیکنالوجی کمپنی کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں بندر کو دماغ کا استعمال کرتے ہوئےکمپیوٹر گیم پونگ (pong)کھیلتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں 9 سالہ مکاک(ایک قسم کا لنگور) کو کمپیوٹر میں گیم کھیلتے دیکھا جا سکتا ہے ، کمپنی کے مطابق بندر کے دماغ کے دونوں اطراف ڈیوائسز لگائی گئیں۔
فی الحال نیورالنک نے مختصر ریسیور کے ذریعے کمپیوٹر سے ابلاغ کرنے والی اور دماغ میں نصب کی جانے والی چپ متعارف کروائی ہے جو اس سے قبل بھی جانوروں میں متعارف کروائی جا چکی ہے۔
ویڈیو میں بتایاگیا ہے کہ جانور نے اسٹرو (نلکی) کے ذریعے ’بنانا اسموتھی‘ کے لیے کمپیوٹر چلانا سیکھ لیا، ویڈیو میں بندر کو جوائے اسٹک کے ذریعے آن اسکرین کرسر چلاتے بھی دکھایا گیا ہے۔