امریکا نے انسانی اسمگلنگ کا پاکستانی نیٹ ورک بے نقاب کردیا

276

واشنگٹن: امریکا کے محکمہ خزانہ نے نوشہرہ کی ایک ٹریول ایجنسی کو ٹرانزیشنل کرمنل آرگنائزیشن (ٹی سی او) جبکہ اس کے سربراہ اور 3 ساتھیوں کو مجرمانہ سرگرمیوں کا سہولت کار قرار دے دیا۔

اس حوالے سے جاری کردہ بیان میں محکمہ آفس آف فارن ایسیٹس کنٹرول (او ایف اے سی) کا کہنا تھا کہ عابد علی خان ٹی سی او، نوشہرہ پاکستان کی ایک انسانی اسمگلنگ کی تنظیم ہے جس نے امریکا اور دیگر ممالک میں غیر ملکی شہریوں کی غیر قانونی اسمگلنگ میں سہولت کاری فراہم کی۔

بیان میں کہا گیا کہ جن افراد کو امریکا میں لایا گیا ان میں ‘وہ غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں جو امریکا کی قومی سلامتی یا اس کے مفادات کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں’۔

محکمے کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ افراد اور ان کی ایجنسی تقریباً 2015 سے لاطینی امریکا کے ذریعے مختلف سفری راستے استعمال کررہے تھے۔

او ایف اے سی کے ڈائریکٹر اینڈریا گیکی کا کہنا تھا کہ ‘یہ حیثیت دینا پاکستان اور دنیا بھر میں ان کے کاموں کو متاثر کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، عابد علی خان ٹی سی او کو کمزور افراد کا شکار کرنے اور امریکا کے مالیاتی نظام سے فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیئے’۔