اطالوی وزیراعظم کے طیب اردوان کو ‘آمر’ کہنے پر ترکی کی مذمت

306

ترکی نے اطالوی وزیر اعظم ماریو ڈریغی کی جانب سے ترک صدر رجب طیب اردوان پر یورپی کمیشن کے صدر ارسولا وان ڈیر لیین کی توہین کرنے اور انہیں ‘آمر’ کہنے کے الزامات عائد کرنے کی مذمت کی ہے۔

واضح رہے کہ وان ڈیر لیین اور یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل نے منگل کے روز انقرہ میں ترک صدر سے ملاقات کی تھی۔

کمیشن کے سربراہ کو ملاقات میں کرسی نہ مل سکی تھی کیونکہ اس ملاقات کے دوران صرف دو کرسیاں تیار کی گئی تھیں جس پر یورپی کونسل کے صدر اور ترک صدر بیٹھ گئے تھے۔

طیب اردوان اور چارلس مشیل فوری ان کرسیوں پر بیٹھے جبکہ وان ڈیر لیین جن کا سفارتی رتبہ ان دونوں اشخاص کے برابر ہے، کھڑے رہے تھے۔

بعد ازاں سرکاری تصاویر میں انہیں ترک وزیر خارجہ میولوت کاووسوگلو کے سامنے صوفے پر بیٹھا دیکھا گیا۔

یورپی مرکزی بینک (ای سی بی) کے سابق سربراہ ماریو ڈریغی نے کہا کہ ‘مجھے یہ ذلت بہت ناگوار گزری جو یورپی کمیشن کے صدر ارسولا وان ڈیر لیین کو بھگتنا پڑی’۔