سیئول: ایران نے جنوبی کوریا کے تیل بردار بحری جہاز اور عملے کو اپنی تحویل سے رہا کر دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں ملک کے بحری جہاز ہانوک کیمی کی ایرانی تحویل سے رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کپتان اور عملے کے 12 ارکان کے ساتھ بحری جہاز ایران سے واپسی کے لیے روانہ ہوچکا ہے۔
جنوبی کوریا کے آئل ٹینکر کی رہائی بظاہر قانونی چارہ جوئی کے نتیجے میں عمل میں آئی ہے تاہم یہ افواہیں بھی زیر گردش ہیں کہ رہائی جنوبی کوریا کی جانب سے امریکی پابندیوں کے نتیجے میں ایران کے 70 ارب ڈالر کے منجمد ’’آئل فنڈز‘‘ جاری کرنے کی یقین دہانی کے بعد عمل میں آئی۔
واضح رہے کہ ایران کے پاسداران انقلاب نے رواں برس جنوری میں جنوبی کوریا کے آئل ٹینکر کو ماحولیاتی آلودگی پھیلانے کے الزام میں حراست میں لیا تھا تاہم اصل وجہ امریکی اقتصادی پابندیوں کی وجہ سے جنوبی کوریا کا ایران کے 7 ارب ڈالر آئل فنڈز منجمد کرنا تھا۔