ٹوکیو : دنیا میں پہلی بار جاپان میں کورونا متاثرہ خاتون کے پھیپھڑے کی پیوند کاری کے بعد وائرس زدہ مریضوں کو امید کی کرن مل گئی۔
اس حوالے سے کیوتو یونیورسٹی اسپتال جے عہدیدار کا کہنا ہے کہ اس نے کورونا وائرس کے باعث شدید نقصان پہنچنے والے پھیپھڑے کے علاج کیلئے بقید حیات عطیہ دہندگان سے حاصل کردہ پھیپھڑا دنیا میں پہلی بار متاثرہ خاتون کو لگا دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تھوراسک سرجری شعبے کے ڈائریکٹر پروفیسر داتے ہیروشی نے جمعرات کے روز عملے کے دیگر ارکان کے ساتھ ایک اخباری کانفرنس منعقد کی۔
اس اسپتال کے مطابق یہ بیمار خاتون گزشتہ سال کے اواخر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد شدید نمونیا میں مبتلا ہوگئی تھیں۔ ان کا علاج ای سی ایم او مشینوں کے ذریعے کیا گیا جو دل اور پھیپھڑوں کی جگہ لے لیتی ہیں اور بالآخر اس خاتون کا کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آیا۔
لیکن مریضہ حد سے زیادہ ریشہ دار بافتیں بن جانے کی وجہ سے اپنے پھیپھڑے کے بیشتر افعال سے محروم ہوگئی تھیں اور بحالی کا کوئی امکان بھی نہیں تھا۔