ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی پاکستان فٹبال فیڈریشن کی معطلی ختم کرنے کی اپیل

218

وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے فیفا کی جانب سے معطلی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کی معطلی انتہائی تکلیف دہ ہے۔

ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ایف ایف کی معطلی فٹبال کے لاکھوں شائقین کیلئے جھٹکا ہے۔ فیفا نے جلد بازی میں معطلی کا قدم اٹھایا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے پہلے ہی فٹبال ہاؤس پر قبضے کی مذمت کی۔ دونوں فریقین کے درمیان بات چیت کی کوشش کر رہے ہیں۔ نارملائزیشن کمیٹی کو بھی فیفا ہدایات کی روشنی میں انتخابات کا روڈ میپ دینے کا کہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ فیفا کے فیصلے نے فٹبال کمیونٹی کو دکھی کر دیا ہے۔ پی ایف ایف اور نارملائزیشن کمیٹی آزاد ادارے ہیں۔ درخواست ہے کہ فریقین معاملہ بات چیت کے ذریعے حل کریں۔

فہمیدہ مرزا نے فیفا سے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی معطلی ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ معاملے کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔