نیویارک / ماسکو: امریکا کے اقتصادی جریدے بلومبرگ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ روس نے اپنے صدر ولادی میر پیوٹن کو کرونا سے بچانے کے لیے اب تک لاکھوں ڈالرز خرچ کردیے۔
بلومبرگ کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دنیا کے طاقتور ترین رہنما ولادی میر پیوٹن کو عالمی وبا کرونا سے محفوظ رکھنے کے لیے حکومت نے غیر معمولی اقدامات کیے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے روسی صدر کو کرونا سے محفوظ رکھنے کے لیے اب تک لاکھوں ڈالرز خرچ کیے جبکہ اخراجات کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق سیکڑوں پائلٹس، طبی عملے کے اراکین، ڈرائیورز، صدارتی محل کے ملازمین سمیت دیگر افراد کو حکومتی اخراجات پر درجنوں نجی ہوٹلوں میں قرنطینہ کیا گیا ہے۔ حکومت کے اس اقدام کا مقصد ولادی میر پیوٹن کو کرونا کے انفیکشن سے محفوظ رکھنا ہے۔