چچا کی مداخلت پر اردن کے باغی شہزادے نے بادشاہ سے صلح کرلی

21

عمان: اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کرنے والے ان کے سوتیلے بھائی اور سابق ولی عہد شہزادہ حمزہ نے اپنے چچا کی مداخلت پر بادشاہ سے صلح کرلی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اردن میں بادشاہ کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش پر نظر بند شہزادہ حمزہ نے بادشاہ عبداللہ دوم کی وفاداری کا دوبارہ سے حلف اُٹھالیا ہے۔ بادشاہ عبد اللہ دوم اور شہزادہ حمزہ کے درمیان صلح میں کلیدی کردار حمزہ کے چچا نے ادا کیا۔

چچا کی مداخلت پر شہزادہ حمزہ نے شاہ عبدﷲ اور ملک سے وفاداری سے متعلق دستاویز پر دستخط کر دیئے، اس موقع پر سابق ولی عہد کے کزنز، شاہی خاندان کے افراد اور دوست بھی موجود تھے۔

دو روز قبل شاہی خاندان کے رکن شریف حسن، کابینہ کے سابق رکن اور شاہی عدالت کے سابق سربراہ باسیم اودھ اللہ سمیت 16 افراد کو بادشاہ کے خلاف بغاوت کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا جب کہ مرکزی کردار ادا کرنے والے سابق ولی عہد شہزادہ حمزہ کو نظر بند کردیا گیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.