بھارت میں پہلی بار یومیہ کورونا کیسز ایک لاکھ سے تجاوز

357

نئی دہلی: بھارت میں کورونا کی تیسری لہر نے خوفناک شکل اختیار کرلی ہے اور پہلی بار ایک دن میں ایک لاکھ سے زیادہ کورونا کے مثبت کیسز سامنے آگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملک میں 6 ماہ بعد کورونا کیسز میں نمایاں اضافہ ہوگیا اور ایک دن میں کورونا کے ایک لاکھ 3 ہزار 558 کیسز سامنے آگئے جس کے نتیجے میں مجموعی کیسز کی تعداد ایک کروڑ 25 لاکھ 89 ہزار 67 ہوگئی ہے۔ متاثرہ افراد میں بالی ووڈ اداکار اکشے کمار بھی شامل ہیں۔

بھارتی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 478 افراد ہلاک ہوگئے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ لوگوں کی طرف سے ایس او پیز پر عمل نہ کرنا اس وبا کے پھیلاؤ کی بڑی وجہ ہے۔

بھارت میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹرا ہے جہاں 24 گھنٹوں میں 57 ہزار کورونا کیسز سامنے آئے جس میں سے ممبئی کے کیسز کی تعداد 11 ہزار سے زائد ہے۔ ریاستی حکومت نے رات کا کرفیو اور جمعے کی شام سے پیر کی صبح تک سخت لاک ڈاؤن لگادیا ہے۔