متحدہ عرب امارات سے اتحاد ایئرویز کا دوسرا طیارہ اسرائیل پہنچ گیا

290

متحدہ عرب امارات کی سرکاری ایئرلائن اتحاد ایئر ویز نے منگل کو ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں اسرائیل کے لیے اپنی دوسری پرواز روانہ کی جس میں انہوں نے فلسطینیوں کے لیے کورونا وائرس سے لڑنے میں مدد کے لیے طبی امداد بھیجی۔

واضح رہے کہ اردن اور مصر کے سوا عرب ممالک کے اسرائیل سے باضابطہ کوئی سفارتی تعلقات نہیں لیکن ماہرین کے مطابق دونوں ممالک کی ایران سے دشمنی کے تناظر میں اب ان کے تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتر ہوتے جا رہے ہیں۔

مئی کے وسط میں متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے لیے اپنی پہلی پرواز چلائی، اتحاد ایئرویز کی اس پرواز میں فلسطینیوں کے لیے کورونا وائرس سے بچاؤ کی امداد شامل تھی۔

طیارے کے بارے میں معلومات رکھنے والے ذرائع نے بتایا کہ منگل کو طیارے میں پہلی مرتبہ عرب ایئرلائنز کا لوگو بھی لگا ہوا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ’یہ پہلا مرتبہ تھا کہ اتحاد ایئرویز کے لوگو والا طیارہ اسرائیل جا رہا ہے‘۔

دوسری جانب اسرائیل کی وزارت خارجہ نے تصدیق کی کہ متحدہ عرب امارات سے اسرائیل کے لیے منگل کو جانے والی پرواز دوسری پرواز تھی۔

وزارت نے بتایا کہ ‘متحدہ عرب امارات سے یہ دوسری براہ راست پرواز ہے اور اس میں فلسطینیوں کے لیے طبی امداد ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ امداد اقوام متحدہ کو تقسیم کرنے کے لیے دی جائے گی‘۔

ادھر فلسطین کے وزیر اعظم محمد اشتیہ کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو پرواز کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔